صدر زرداری کو بے نظیر بھٹو کے قاتلوں کی گرفتاری کے لیے بھی باز کی نظر استعمال کرنی چاہیے۔ پروفیسر ساجد میر
ؒٓلا ہور (17جنوری2010 ء) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے امیر سینیٹر پروفیسرساجد میر نے کہا ہے کہ صدر زرداری کو بے نظیر بھٹو کے قاتلوں کی گرفتاری کے لئے بھی باز کی نظر استعمال کرنی چاہیے‘ میثا ق جمہوریت پر عمل میں تاخیر سے بے یقینی بڑ ھ رہی ہے اوراگر یہی صورت حال رہی تو مڈٹرم انتخابات کے مطالبے میں شدت آئے گی۔مرکز اہل حدیث میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو بند قلعوں میں درباریوں کو بلا کر بڑے بڑے دعوے کرنے کی بجائے وعدوں پر عمل کرنے پر توجہ دینی چاہیے۔ حکومت عوام کے حقوق اور ملکی سلامتی کے تحفظ میں ناکام ہوچکی ہے اور عوام کو اپنے خلاف سازش سازش کی گردان سناکر میثاق جمہوریت پر عمل درآمد سے راہ فرار اختیار کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے این آراو کے فیصلے پر نظرثانی کی اپیل سے بلی تھیلے سے باہر آگئی ہے اور کل تک عدالتی فیصلے کو احترام کی نگاہ سے دیکھنے کی بات کرنے والوں نے بتادیا ہے کہ اصل حقائق کیا ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت کی بقاء عدالتی فیصلے کے احترام اور میثاق جمہوریت پر اسکی روح کے مطابق عمل درآمد کرنا ہوگا۔