وزیراعظم نے صدر کو حاصل استثناء میں کبھی یہ نہیں کہ صدر کے خلاف دائر مقدمات جھوٹے ہیں‘پروفیسر ساجد میر
اسلام آباد(31جنوری 2010) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے امیرسینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے صدر کو حاصل استثناء میں کبھی یہ نہیں کہا صدرکے خلاف دائر مقدمات جھو ٹے ہیں‘کیا وزیر اعظم صدق دل سے کہہ سکتے ہیں کہ صدر کا دامن کرپشن کی آلودگی سے پاک ہے ؟۔ مرکز اہل حدیث میں ذیلی تنظیموں کے عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے وزراء اب تک اپنے صدر کے دفاع میں انہیں آئین میں حاصل استثناء کی تو بات کرتے ہیں لیکن کسی وزیر نے آج تک یہ نہیں کہا کہ صدر زرداری نے کسی قسم کی کوئی کرپشن نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ سسٹم کی بقاء عدالتی فیصلے کے احترام میں مضمر ہے ‘ بدقسمتی سے حکومت عدالت کے فیصلے پر من وعن عمل کرنے کی بجائے قانونی موشگافیوں اور دلائل کا سہار ا لے رہی ہے اگر کوئی آئینی تشریح کی ضرورت محسوس کی جارہی ہے تو اسکا بہترین فورم عدالت ہے ۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت ایک شخص کا نام نہیں ہے اور نہ ہی کسی ایک ادارے کے سربراہ کے جانے سے نظا م کو خطرہ ہوسکتا ہے ملکی نظام اقدار اور آئین کی پاسداری سے مستحکم ہوتا ہے نہ کہ کسی ایک شخص کے آنے یاجانے سے ۔انہوں نے کہا کہ عدالتی فیصلے پر عمل میں تاخیر سے اداروں میں بدگمانیاں بڑھ رہی ہیں جسکا نقصان جمہوریت کو ہوگا۔ دانشمندی کا تقاضا یہی ہے کہ کسی بڑے ردعمل سے بچا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم کی حیثیت سے گیلانی صدر کی کرپشن کا دفاع نہیں کرسکتے ۔