ملک فرقہ وارانہ فسادات کا متحمل نہیں ہوسکتا‘ بھارت اورامریکہ مذہبی منافرت اور فرقہ واریت کو ہوا دے رہے ہیں‘ساجد میر
لاہور( 7 فروری 2010) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے امیرسینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے ملک فرقہ وارانہ فسادات کا متحمل نہیں ہوسکتا ‘کراچی میں فرقہ وارانہ آگ لگانے کی کوشش کی گئی ‘ امریکہ اور بھارت اپنی ایجنسیوں کے زریعے ملک میں مذہبی منافرت اور فرقہ واریت کو فروغ دے رہے ہیں ‘قوم متحد ہوکر دشمن کی سازشوں کو ناکام بنائے ۔ مرکز اہل حدیث میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو لوگ دہشت گردی کی کارروائیوں کو دینی فریضہ سمجھ کر آگے بڑھارہے ہیں وہ نادانستہ طور پر پاکستان کے دشمنوں کے ہاتھوں استعمال ہورہے ہیں ۔ دوسری طرف ایسی واراداتوں کی روک تھام کے لئے حکومت اور اسکی ایجنسیاں اپنے فرائض سے غافل نظر آتی ہیں اور اس طرح کے واقعات کسی گروپ کے کھاتے میں ڈال کر معاملہ سے بری الزمہ ہونا حکومت کا وتیرہ بن چکا ہے‘ جبکہ حقیقت یہ ہے کہ حکومت امن امان قائم رکھنے میں عملا ناکام ہوچکی ہے اسکی تما م تر توجہ اپنی کرپشن اور اقتدار بچانے کی طرف لگی ہوئی ہے‘ عوام کے جان ومال کا تحفظ فراہم کرنا حکومت اور اسکے انتظامی اداروں کی ذمہ داری اور فرض منصبی ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے مرض سے نجات حاصل کرنے کے لئے اسکے اصل اسباب کو دور کرنا ہوگا۔