کشمیر اور پانی کے تنازعات کو ایجنڈے میں رکھے بغیر پاک بھارت مزاکرات ’’مذاق رات ‘‘ ثابت ہونگے‘ساجد میر
لاہور( 09 فروری 2010 ) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے امیرسینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ بھارت جہادکشمیر کو دہشت گردی قراردینے کی سازش کررہا ہے ‘ بلوچستان میں بھارتی دراندازی‘ کشمیر اور پانی کے تنازعات کو ایجنڈے میں شامل کئے بغیر پاک بھارت مزاکرات ’’مذاق رات‘‘ ثابت ہونگے‘ اگرمسئلہ کشمیر پر حکومت نے مشرف کی پالیسی کو تسلسل بخشا تو اسے شدید عوامی ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔ مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر ریاض الرحمان یزدانی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاک بھارت مزاکرات کے موقع پر ملکی وقومی مفادات کے تقاضوں سے انحراف کی پالیسی برداشت نہیں کی جائے گی۔بھارت پاکستان پر کشمیر میں دراندازی کا جس شدت اور تسلسل سے الزام لگا رہا ہے اسکے مقابلے میں حکومت پاکستان اسکی بلوچستان میں مداخلت کا مقدمہ عالمی سطح پر پیش نہیں کررہی ۔ بلکہ بھارت سفارتی سطح پر اپنے آپ کو مظلوم اور ہمیں ظالم قرار دے رہا ہے۔ پاکستان کی خارجہ پالیسی امریکی مفادات کے تابع ہوکر رہ گئی ہے اور یہ خدشہ بڑھ گیا ہے کہ بھارت امریکہ سے ملکر عالمی سطح پر جہاد کشمیر کو دہشت گردی قرار دلائے اور آجکل مزاکرات کی خواہش کے پیچھے بھی یہی سازش کار فرما دکھائی دیتی ہے۔ پاکستان کو اپنے اصولی موقف اور قومی امنگوں کے مطابق بھارت سے مزاکرات کرناٍہونگے۔