حکومت نے دوسال صرف وعدوں میں گزار دیئے عوام کو ریلیف نہیں ملا۔ پروفیسر ساجد میر
لاہور( 3 1 فروری2010 )مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے امیر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے دو سال صرف وعدوں میں گزار دیئے پارلیمنٹ مضبوط ہوئی اور نہ عوام کو ریلیف دیا جاسکے کرپشن اور اقرباء پروری کا راج رہا‘ اور امریکہ کی خوشنودی میں ملک سلامتی کو دائو پر لگادیا گیا ہے۔ مرکز اہل حدیث میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت ملکی ا ور قومی مفادات کاتحفظ نہیں کرسکی۔ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں امریکہ کو خوش کرنے کے لئے ملکی خود مختاری اور سلامتی کو دائو پر لگائی ہوئی ہے ڈرون حملے پوری شدومد سے جاری ہیں۔ جنہیں روکنے کے لئے حکومت ناکام ہوچکی ہے ۔ وعدوں کے باجود سترہویں ترمیم ختم ہوئی اور نہ پارلیمنٹ کو اسکے اختیارات لو ٹائے گئے میثاق جمہوریت کو مذاق بنا رکھا ہے‘ عوام بھوک سے نڈھال ہے مہنگا ئی اور لاقانونیت نے عوام کا جینا محال کررکھا ہے۔ اپوزیشن جماعتوں کو اب اپنی حکمت عملی بدلنا ہوگی۔ وگرنہ جو نفرت حکمرانوں کے خلاف بڑھ رہی ہے اسکی زد میں اپوزیشن بھی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ عدالتی فیصلوں کا احترام کرنے کی بجائے اسے ہدف تنقید بنا یا جارہا یہ طرز عمل اداروں میں تصادم کی راہ ہموار کرے گا جسکی ذمہ دار حکومت ہے۔