صدر کااقدام آئین کے منافی ہے‘ ہم اسے مسترد کرتے ہیں‘قوم عدلیہ کی آزادی کی حفاظت کے لئے اٹھ کھڑی ہو گی۔ لگتا ہے صدر زرداری میں پرویز مشرف کی روح گھس آئی ہے ‘ سینیٹرپروفیسر ساجد میر
لاہور( 3 1 فروری2010 )مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے امیر سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے صدر آصف زرداری کی طرف سے ججز کی تقرری کے اقدام کو آئین کے منافی قرار دیتے ہوئے اسے مسترد کردیا ہے اور کہا کہ قوم اس فیصلے کے خلاف اٹھ کھڑی ہوگی اور وہ عدالت عظمی کی پشت پر کھڑی ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ لگتا ہے صدر زرداری کے اندر پرویز مشرف کی روح گھس آئی ہے اور وہ آمر کے نقش قدم پر چل کر جمہوری نظام کی بنیادوں کو ہلار ہے ہیں۔ اس موقع پر وزیر اعظم سے جس کردار کی توقع تھی وہ انہوں نے ادا نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ عدلیہ بڑی قربانی کے بعد آزاد ہوئی ہے ہم اسکی حفاظت کریں گے۔ انہوں نے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ خواجہ شریف اور جسٹس نثار کی عظمت کو سلام کیا ہے کہ انہوں نے صدر کے فیصلے کے مقابلے میں چیف جسٹس آف پاکستان کے فیصلے کو ترجیح کو دی اور حکومت کے حکم تسلیم نہیں کیا۔