ملک دشمن قوتیں فرقہ وارانہ کشیدگی کو ہوا دے رہی ہیں علماء متحد ہوکر ملکی سلامتی کا تحفظ کریں گے،حافظ عبدالکریم
ٓلاہور (5 مارچ 2010 ) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے ناظم اعلی ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے کہا ہے کہ ملک دشمن قوتیں فرقہ وارانہ کشیدگی کو ہوا دے رہی ہیں علماء متحد ہوکر ملکی سلامتی کا تحفظ کریں گے۔جامعہ محمدیہ لوکو ورکشاپ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک فرقہ وارانہ فسادات کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ غیر ملکی طاقتیں مذہبی منافرت کو ہوادے رہی ہیں جسکا مقابلہ کرنے کے لئے تمام مذہبی جماعتوں کو اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا ہوگا، یہ مقصد قرآن وسنت کو رہنماء بنا ئے بغیر ممکن نہیں ہوسکتا۔ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ تصادم کے عوامل کا بھی جائزہ لے ،فرقہ وارانہ لٹریچر ، وال چاکنگ اور نعروں پر پابندی لگائے اور ایک دوسرے پر گستاخی اور کفر کے فتوے دینے والے علماء کا محاسبہ کیا جائے اور اسلام کے تصور اعتدال اور رواداری کو فروغ دیا جائے۔جمعہ کے بعد انہوں نے جامعہ کے تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا اور نئے تعلیمی وتعمیراتی امور کی تعریف کی۔ اس موقع پر شیخ الحدیث حافظ عبداللہ ، حاجی عبدالقیوم، حافظ امان اللہ، سمیع اللہ اور دیگر علماء بھی موجود تھے۔