دنیا میں قیام امن کے لیے فلسطین ،افغانستان اور کشمیر میں مسلمانوں پر جاری ظلم بند کرنا ہوگا۔ پروفیسر ساجد میر
لاہور (5 مارچ 2010) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے امیر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ دنیا میں قیام امن کے لیے فلسطین ،افغانستان اور کشمیر میں مسلمانوں پر جاری ظلم بند کرنا ہوگا۔ اس سلسلے میں اقوام متحدہ کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا،عالم اسلام کے استحکام لیے اسلامی بلاک کا قیام ناگزیر ہے۔بحرین کے دورے سے واپسی پر جمہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بحرین میں دنیا بھر کی دینی تنظیموں نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ اسلام اور عالم اسلام کے دفاع کے لیے علم و تحقیق اور جدید سائنس وٹیکنالوجی کے میدان میں آگے آنا ہوگا او مسلم تنظیموں کو اسلام کی دعوت نبوی منہج کے مطابق عام کرنا ہو گی۔ جس میں اعتدال اور رواداری کا پہلو نما یاں ہو، اسلام کو پرتشدد پیش کرنے والے اداروں اور تنظیموں کی حوصلہ شکنی کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ آنحضورؐ نے خطبہ حجۃالوداع میں انسانیت کی بہتری کے لئے جو چارٹر پیش کیا تھا اس کو بنیاد بنا نا چاہئے جس میں اخوت اور بھائی چارے کی ضرورت پر زور دیا گیا ۔ دریں اثناء پروفیسر ساجد میر نے گلبرگ لاہور میں اہل حدیث عالم دین مولانا بشیر احمد سلفی پر ہونے والے قاتلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور حملہ آورں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔