بجلی کے نرخوں میں اضافے کے منفی نتائج سامنے آئیں گے، حکومت عالمی مالیاتی اداروں کا دبائو مسترد کردے۔ حافظ عبدالکریم
لاہور ( 26اپریل2010) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے ناظم اعلی حافظ عبدالکریم نے کہا ہے کہ بجلی کے نرخوں میں اضافے کے منفی نتائج سامنے آئیں گے، حکومت عالمی مالیاتی اداروں کا دبائو مسترد کردے۔ اس امر کا اظہار انہوں نے آئی ایم ایف کے دبائو پر متوقع 6فی صد بجلی کے اضافے پر اپنے ردعمل میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی مالیاتی ادارے امریکہ کے تابع ہیں اور وہ قرضوں کی ادائیگی میں چھوٹ دینے کی بجائے پاکستان کو کنگال کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے ۔ حکمرانوں کو چاہئے کہ وہ امریکہ کو بتائیں کہ آپکی جنگ لڑنے سے ہم چالیس ارب روپے کا نقصان برداشت کر چکے ہیں، اور سیکڑوں فوجیوں کی قربانیاں دی ہیں، افسوس اس کے باوجود امریکہ پاکستان کو کوئی چھوٹ دینے کے لیے تیار نہیں ہے، اور معاشی دلدل میں دکھیل رہا ہے، عالمی مالیاتی اداروں کے قرضوں کا بوجھ براہ راست غریب عوام پر پڑتا ہے، اور عوام پہلے ہی اپنے ساتھ ہونے والے ظلم کے خلاف سڑکوں پر موجود ہے اور وہ مزید ظلم برداشت کرنے کی سکت نہیں رکھتی۔ لہذا حکومت بجلی کے متوقع اضافے کے اقدام سے گریز کرے وگرنہ اسے شدید عوامی ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔