گڈ گورنس کا فقدان کرپشن اور نااہلی کی انتہا ہوچکی ہے، عوام میں حکومت کے نفرت کا لاوا پک رہا ہے۔ پروفیسر ساجد میر
لاہور( یکم مئی2010 ء) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے امیر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ حکومت عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہوگئی ہے، لوگوں میں مہنگائی اور لوڈشیڈنگ کے باعث اضطراب میں اضافہ ہورہا ہے، گڈ گورنس کا فقدان کرپشن اور نااہلی کی انتہا ہوچکی ہے، عوام میں حکومت کے نفرت کا لاوا پک رہا ہے۔ سدباب نہ کیا گیا تو نظام نہیں چلے گا۔ مرکز اہل حدیث میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے لوڈشیڈنگ اور مہنگائی کی ماری عوام کا جینا مشکل ہوگیا ہے۔ روٹی کپڑا اور مکان کا نعرہ لگا کر اقتدار میں آنے والی حکومت نے غریب آدمی سے اپنی غلط اقتصادی پالیسیوں کی وجہ سے روٹی کا کا نوالہ تک چھین لیا ہے۔ یہ بحران عالمی اداروں کی غلامی کا نتیجہ ہے، حکمران اپنی عیاشیوں اور شاہ خرچیوں کو کنٹرول کرنے کی بجائے سارا بوجھ عوام پر ڈا ل رہی ہے۔اغیار کی جنگ میں قومی دولت اور قیمتی جانوں کے ضیاع نے ہمیں اقتصادی بدحالی سے دوچار کردیا ہے قومی وسائل کو ملک کی تعمیر وترقی اور عوامی فلاح پر خرچ کرنا ہوگا اور حکومت کو فوری طور پر امریکی جنگ سے خود کو الگ کر لینا چاہئے تاکہ نہ صرف وسائل اور جانوں کے ضیاع بلکہ ملکی سلامتی کو مزید خطرات سے بچایا جاسکے ۔