پرویزمشرف کا برطانیہ میں پروٹوکول ختم ہوسکتا ہے تو بابر اعوان، اور رحمان ملک کیوں انجوائے کررہے ہیں؟ پروفیسر ساجد میر
لاہور(5 مئی 2010ء) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے امیر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ بے نظیر بھٹو قتل کیس پر یو این او کی رپورٹ میں بلواسطہ یا بلاواسطہ ملزم پرویزمشرف کا برطانیہ میں پروٹوکول ختم، ہوسکتا ہے تو حکومتی وزراء بابر اعوان، اور رحمان ملک کیوں انجوائے کررہے ہیں ، حیرت کی بات ہے کہ ابھی کیس تفتیشی مراحل میں ہے کہ صدرنے اپنے وزراء کی صفا ئیاں دینا شروع کردی ہیں۔ اس سے کیس اور اس میں ملوث افراد کی گرفتاری میں حکومتی دلچسپی کتنی ہے سب پر عیاں ہو گئی ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ بے نظیر کاقتل جس قدر حساس اور سنجیدہ ہے اسی قدر حکومت عدم دلچسپی سے کام لے رہی ہے۔ یو این او نے اپنی رپورٹ میں جن افراد پر بھی شک کیا ہے حکومت کا فرض ہے کہ انکی تفتیش کرائے۔ تاکہ قاتلوں تک پہنچنے میں آسانی رہے۔ دریں اثناء انہوں نے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکہ پاکستان پر دبائو بڑھانے کے لیے مختلف ہتھکنڈے استعمال کررہا ہے اور اپنی سیکورٹی ایجنسیوں کی ناکامی کے باعث پیش آنے والے واقعات کا رخ پاکستان کی طرف موڑنے کی کوشش کررہا ہے جسکا مقصد پاکستان کو مزید دبائو بڑھانا ہے۔