امریکی سیکرٹری خارجہ ہیلری کلنٹن کے پاکستان مخالف دھمکی آمیز بیانات پر حکومتی خاموشی قابل مذمت ہے، پروفیسرساجد میر
لاہور(10مئی2010 ) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے امیر سینیٹرپروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ امریکی سیکرٹری خارجہ ہیلری کلنٹن کے پاکستان مخالف دھمکی آمیز بیانات پر حکومتی خاموشی قابل مذمت ہے، وزارت خارجہ قومی امنگوں کے مطابق موقف اپنائے اور امریکہ کو باور کرایا جائے کہ ہم اپنی سلامتی پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ایک افسانے کی بنیاد پراخذ کرلینا کہ پاکستان ٹائمز اسکوائر سازش کا حصہ ہے قرین انصاف نہیں ہے، ا مریکی رویہ پاکستان اور اسلام دشمنی پر مبنی ہے۔ ٹھوس شواہد کے بغیر مفروضوں پر مبنی واقعات کی آڑ میں پاکستان کو دھمکانے کا سلسلہ بند ہو نا چاہیے، پہلے ہی ڈرون حملوں کی وجہ سے امریکہ مخالف جذبات بھڑک رہے ہیں، اشتعال انگیز بیانات سے ردعمل میں شدت آئے گی۔ حکمرانوں کو بھی چاہئے کہ وہ ہوش کے ناخن لیں اور امریکی جنگ میں مزید حصہ دار مت بنیں ۔ وگرنہ امریکی دبائو اور مطالبات ڈومور کی شکل میں بڑھیں گے جسکا بالآخر نقصان ملک کو ہوگا۔مرکزی ناظم اعلی حافظ عبدالکریم نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے دور اقتدار میں ملکی سلامتی کے تحفظ کی کوئی بھی ضمانت نہیں دی جاسکتی۔ حکومتی ادارے اور وزارتوں میں لوٹ مار کی انتہا ہو چکی ہے اور عدالتی احکامات پر عمل کی بجائے اسے آنکھیں دکھائی جارہی ہیں۔