دینی جماعتوں کے قائدین نئے اتحاد کے لئے متفق ہیں۔ڈاکٹر حافظ عبدالکریم
لاہور( 16مئی2010 ) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے کہا ہے کہ ایم ایم اے کی قیادت محب وطن اور اسلام پسند ہے اور تمام قائدین اس امر پرمتفق ہیں کہ دینی قوتوں کو متحد ہونا چاہیے،اس وقت ملکی سلامتی کی حفاظت اور غیر ملکی مداخلت کو روکنا بہت ضروری ہے، پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کے لیے امریکہ نئی نئی سازشیں کررہا ہے ، بعض شدت پسندوں کی طرف سے امریکہ پر حملوں کی دھمکیاں خود امریکی سی آئی اے کاکھیل ہے تاکہ پاکستان پر دبائو برقرار رکھا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ طالبان کا کوئی بھی گروپ امریکہ پر حملہ کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتا، جنگ اور تصادم کا مصنوعی جواز پیدا کرنے کے لیے اور خطے میں مداخلت برقرار رکھنے کے لیے اس طرح کے اعلا نات کروائے جاتے ہیں ۔