این آراو بالآخرحکومت کے گلے کا پھندا ثابت ہو گا، اس کی وجہ سے ڈاکواور لٹیرے اعلی ایوانوں تک پہنچے، پروفیسر ساجد میر
لاہور( 17مئی2010 ) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے امیر سینیٹرپروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ این آراو بالآخر حکومت کے گلے کا پھندا ثابت ہو گا، اس کی وجہ سے ڈاکواور لٹیرے اعلی ایوانوں تک پہنچے، وزیر اعظم این آروا کے معاملے میں فریق بن رہے ہیں ان کے بیانات عدالتی کارروائی پر اثرانداز ہورہے ہیں، انہیں اپنے رویئے پر نظرثانی کرنی چاہئے ۔قومی دولت کی واپسی تک کرپٹ عناصرکے خلاف وزیر اعظم کو عدالت سے انصاف کی درخواست کرنی چاہئے، اگر وزیر اعظم اپنی خواہشات کے مطابق عدالت سے فیصلہ لینا چاہتے ہیں تو یہ عدلیہ کی آزادی اور اسکے وقار کے منافی ہے۔ ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر قانون کی عدالت میں طلبی کے موقع پر انکے رویے سے ظاہر ہو جائے گا کہ حکومت کتنی عدلیہ اور انصاف کی معاون ہے۔ پروفیسر ساجد میر نے کہا کہ این آروا کے خالق کو تو اسکا فائدہ نہیں ملا جنہیں ناجائز فائدہ ملا ہے محاسبہ تو انکا ہونا چاہئے۔ پرویز مشرف کو بحفاظت ملک سے نکالنے والے اور گارڈ آف آنر دینے والے آج کس منہ سے اسکی واپسی کا مطالبہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ این آراو کے فیض یافتہ تمام افراد کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے۔ قوم کا پیسہ لوٹنے والے کسی خیر کے مستحق نہیں ہیں۔ پرویز مشرف کے خلاف لال مسجد اور اکبر بگٹی کے مقدمات میں قتل کی سزا ہو سکتی ہے۔ایسے شخص کو تو کسی صورت بھی معافی نہیں ملنی چاہئے۔