فیس بک پر حضورؐ کی شان میں اہانت آمیز خاکوں کی جسارت کامرتکب امریکہ ہے ،ملعون کارٹونسٹ امریکی خاتون کے ساتھ ساتھ امریکہ بھی امت مسلمہ سے معافی مانگے ۔ پروفیسر ساجد میر
لاہور( 21مئی2010 ء) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے امیر سینیٹرپروفیسر ساجد میر نے فیس بک پر حضورؐ کی شان میں اہانت آمیز خاکوں کی جسارت کامرتکب امریکہ کو قرار دیا ہے اورکہا ہے کہ ملعون کارٹونسٹ امریکی خاتون کے ساتھ ساتھ امریکہ بھی امت مسلمہ سے معافی مانگے اور وہ اقوام متحدہ میں تحفظ ناموس انبیاء کے متعلق عالمی قانون سازی کی حمایت کرے اور یقین دہانی کرائے کہ آئندہ ایسی ناپاک جسارت نہیں ہوگی ۔جامعہ ابراہیمیہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم اہانت رسول ؐ کو دنیا کی سب سے بڑی دہشت گردی سمجھتے ہیں اور امریکہ کو باور کرانا چاہتے ہیں کہ وہ امت مسلمہ کی غیرت امتحانی کاامتحان نہ لے۔ دنیا بھر کے مسلمانوںکے ردعمل نے ثابت کردیا ہے کہ وہ حرمت رسول کی خاطر کٹ مرنے کو تیار ہیں۔امریکہ مسلمانوں میں اشتعال پیدا کرنا چاہتا ہے تاکہ وہ ردعمل میں اسے نشانہ بنائیں اور پھر اسے دہشت گردی قرار دیکر مسلمانوں کے قتل عام کامزید جواز پیدا کیا جائے۔ اسلامی ممالک کے حکمران زمہ داری کا مظاہرہ کرکے اقوام متحدہ کو ناموس انبیاء کے لئے قانون سازی پر مجبور کریں۔انہوں نے کہا کہ یہود ونصاری کسی صورت بھی مسلمانوں سے مخلص نہیں ہوسکتے۔ انہوں نے کہا کہ ہم انبیاء سمیت کسی بھی مذہب کے بانیان کی تضحیک کو انسانی حقوق کے بھی خلاف سمجھتے ہیں۔ حضرت مسیح ؑاور حضرت موسی ؑ ہمارے بھی اسلام کے پیغمبر ہیں۔ ہم انکی بھی ناموس کی حفاظت کو اپنے ایمان کا حصہ سمجھتے ہیں۔ اور نبی آخرالزمان ؐ کی عزت پر بھی کوئی آنچ برداشت نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ اگر امریکہ کا کوئی مسلمان ملعون کارٹونسٹ کو قتل کردیتا ہے تو اسکی ذمہ داری امریکہ اور اس خاتون پر عائد ہوگی۔