وزیرقانون نے وزراء کی جماعت کے ہمراہ سپریم کورٹ میں پیش ہوکر تسلیم کرلیا کہ بالادست پارلیمنٹ نہیں بلکہ آئین ہے۔ سینیٹر پروفیسرساجد میر
لاہور(25مئی2010ء) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے امیر سینیٹرپروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ کل تک پارلیمنٹ کو آئین سے بالادست دست سمجھنے والے حکومتی وزراء کی فوج نے سپریم کورٹ میں پیش ہوکر اپنے موقف کی نفی کردی اور تسلیم کرلیا ہے کہ بالادستی پارلیمنٹ کو نہیں بلکہ آئین کو حاصل ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت نے اگر حالات کی سنگینی کو سمجھنا شروع کردیا ہے تو اچھی بات ہے تاہم ابھی پوری طرح یقین سے نہیں کہا جاسکتا کہ حکومت عدلیہ کے سامنے سو فی صدسرنڈر کرے گی۔ اسکا انحصار آئندہ سماعت پر اختیار کردہ حکومتی موقف پر ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم این آراو کے تحت کسی بھی شخص کی معافی کو تسلیم نہیں کرتے اور عدالت سے امید کرتے ہیں کہ وہ بھی سیاہ کو سفید تسلیم نہیں کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ سوئس اکائو نٹ میں موجود قومی دولت کی واپسی کے بغیر معاملات الجھائو کا شکار رہیں گے۔پیپلز پارٹی کی قیادت کو بھی چاہئے ایک دو بندوں کی خاطر نظام کو دائو پر نہ لگائے۔ اس سلسلے میں وزیر اعظم کو زیادہ زمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ ملک جن بحرانوں سے گزر رہا ہے اس میں تصاد م کی فضا کسی کو بھی فائدہ نہیں دے سکتی۔