حکمرانوں نے آزاد پاکستان کو امریکہ کا غلام بنا دیا۔ناظم اعلیٰ ڈاکٹر حافظ عبدالکریم
لاہور( 30مئی2010 ء) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے آزاد پاکستان کو امریکہ کا غلام بنا دیا۔ امریکی دھمکیاں اور ڈکٹیشن محبان پاکستان کے لےے لمحہ فکریہ ہے۔ ہم روز اول سے یہ بات کہتے آ رہے ہیں کہ امریکہ کبھی بھی پاکستان کا دوست اور خیر خواہ نہیں ہو سکتا، وقت آنے پر اپنے ہی محسنوں کو آنکھیں دکھانا امریکہ کی فطرت ہے۔ انہوں نے کہا اب بھی وقت ہے حکمران امریکی ڈکٹیشن کو چھوڑ کر پاکستان کے وسیع تر مفاد کیلئے خودمختار خارجہ پالیسی تشکیل دیں۔ انہوں نے کہا پاکستان کے حالات خراب کرنے میں بھارت‘ امریکہ اور اسرائیل ملوث ہیں۔ پاکستان میں بدامنی اور مہنگائی عالمی استعماری طاقتوں کا کھلا ایجنڈا ہے، جس کا مقصد پاکستان کو غیر مستحکم کرنا اور ایک ناکام ریاست بنانا ہے۔ امریکہ اور اس کے حواری قرضوں، امداد اور اسلحہ کے ذریعے پاکستان کی معیشت کو اپنے کنٹرول میں رکھنا چاہتے ہیں‘ کرپٹ اور نا اہل حکمران طبقہ امریکہ کی دہلیز پر سجدہ ریز ہے، ان کی کمزوریوں سے فائدہ اٹھا کر دشمن پاکستان میں مضبوط ہو کر اسے غیر مستحکم کرنا چاہتا ہے۔