عدلیہ وکلاء،سیاسی کارکنوں اور میڈیا کی قربانیوں کے نتیجے میں بحال ہوئی وزیر اعظم نے کارکنوں کی قربانیوں کی توہین کی ،ساجد میر
لاہور ( 5جون2010 ) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے امیر سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ عدلیہ وکلاء،سیاسی کارکنوں اور میڈیا کی قربانیوں کے نتیجے میں بحال ہوئی اوروزیر اعظم کو ایگزیکٹو آرڈر جاری کرنے پر مجبور کیا وزیر اعظم نے کارکنوں کی قربانیوں کی توہین کی ہے۔انہیں اس امر کو نہیں بھولنا چا ہیے انکے اقتدار کی جان این آراو کے طوطے میں ہے۔ مرکز اہل حدیث میں میڈیا اور کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں وفاقی بجٹ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ روٹی کپڑا اور مکان کا نعرہ لگا کر عوام سے تینوں چیزیں چھین لی ہیں، کرپشن کی دلدل میں ڈوبے ہوئے حکمرانوں نے غریب آدمی کی زندگی اجیرن بناد ی ہے۔ بجٹ الفاظ کا گورگھ دھندا ہے ۔ جس میں مراعات یافتہ طبقے کو نوازا گیا ہے۔ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں مہنگائی کی نسبت اضافہ معمولی ہے اور یہ اونٹ کے منہ میں زیرہ کے متراد ف ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کو ریلیف دینے میں ناکا م ہوچکی ہے۔ دہشت گردی ،مہنگائی ،بے روزگاری ،بدامنی اور بڑھتی ہوئی امریکی مداخلت کی وجہ سے ملکی سلامتی کو خطرات لاحق ہیں ۔ ان حالات میں اپوزیشن کومیدان میں آکرحکومت کی ناکامیوں کو بے نقاب کرنا ہوگا۔