بجٹ میں عام آدمی کو کوئی ریلیف نہیں ملا ،اکتوبر میں ویلیو ایڈڈ ٹیکس سے عوام کی چیخیں نکل جائیں گی۔پروفیسر ساجد میر
لاہور (6جون2010) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے امیر سینٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ نئے بجٹ میں عام آدمی کو کوئی ریلیف نہیں ملا ،اکتوبر میں ویلیو ایڈڈ ٹیکس سے عوام کی چیخیں نکل جائیں گی، تعلیم کے بجٹ میں دس فی صد کمی سے شرح خواندگی میں کمی ہوگی ، اپوزیشن کو عوام کے مسائل حل کرانے کے لئے سڑکوں پر آنا ہوگا۔ مرکز اہل حدیث میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کو آئی ایم ایف اور عالمی ما لیاتی اداروں کی چراگاہ بنادیا گیا ہے۔ خود انحصاری اور کفائیت شعاری کو شعار بنا نے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ویلیو ایڈڈ ٹیکس سے کھانے پینے اور عام ضروریات استعمال کی چیزیں غریب آدمی کی پہنچ سے بھی دور ہو جائیں گی ۔ پارلیمنٹ میں ہم اس ٹیکس کے نفاذ کی مخالفت کریں گے۔انہوں نے کھانے پینے کی چیزوں پر سبسڈی کے خاتمے کی بھی مذمت کی۔ اور جی ایس ٹی ٹیکس کا نفاذ کو بھی ظالمانہ اقدام قرار دیا۔