دہشت گرد کشمیری مجاہدین نہیں بلکہ بھارت ہے جس نے ظلم وبربریت کی انتہا کردی ہے سینٹر پروفیسر ساجد میر
لاہور ( 7جون2010) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے امیر سینٹر پروفیسر ساجد میر نے کہاکہ دہشت گرد کشمیری مجاہدین نہیں بلکہ بھارت ہے جس نے ظلم وبربریت کی انتہا کردی ہے، کشمیریوں کی آزادی کے لئے لڑنے والے دہشت گرد نہیں بلکہ مسلمانوں اور مظلوموں کے ہیرو ہیں ۔ بھارتی وزیر اعظم نے انہیں دہشت گردقرار دیکر روائتی تعصب کا مظاہرہ کیا۔ بھارت سے بھی یقین دہانہ لی جائے کہ وہ بھی اپنی سر زمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں کریگا۔ بھارتی وزیر اعظم کے مقبوضہ کشمیر میںکیے گئے خطاب پر اپنے ردعمل میں انہوں نے کہا کہ انہیں اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیر کا حل تلاش کرنا ہوگا۔ جب تک دونوں ممالک کے درمیان یہ بنیادی تنازعہ حل نہیں ہوگا خطے میں قیام امن کا خواب پورا نہیں ہوسکتا۔ پاکستانی قیادت کو چا ہئے کہ وہ دہشت گردی اور تخریب کاری کی وارداتوں میں ملوث بھارتی عناصر کو بے نقاب کرے اور دنیا کو بتائے کہ وہ ہمیں غیر مستحکم کررہا ہے ۔ پاکستان کو معذرت خواہانہ انداز ترک کرنا ہوگااور دشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرنا ہوگی۔