ملکی سلامتی اور اسکے تحفظ کے لئے آئی ایس آئی کا کردار قابل تعریف ہے امریکہ افغانستان میں اپنی شکست کا بدلہ پاکستان سے لینا چاہتا ہے پروفیسر ساجد میر
لاہور(15 جون 2010 ) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے امیر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے ملکی سلامتی اور اسکے تحفظ کے لئے آئی ایس آئی کا کردار قابل تعریف ہے ، امریکہ افغانستان میں اپنی شکست کا بدلہ پاکستان سے لینا چاہتا ہے۔ اور ایک منظم ساز ش کے تحت پاکستانی اداروں کے متعلق منفی پر اپیگنڈہ کیا جارہا ہے۔جسکامقصد پاکستان کو دباءمیں لانا ہے، ۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ محب وطن اسلام پسند اور سچے پاکستانی طالبان سے اگر صدر نے ملاقات بھی کی ہے تواسے جرم نہیں سمجھنا چا ہئے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی غیر ملکی ادارے کو کسی دوسرے ملک کے حساس معاملات پر ایسے سروے کی اجازت نہیں ہونی چاہئے کہ جس سے تصادم کی فضا پیدا ہو۔ پروفیسر ساجد میر نے کہا کہ ایران کے بعد پاکستان کا ایٹمی پروگرام امریکہ کو کھٹک رہا ہے، اور اس مہم کے پیچھے یہی بد نیتی شامل ہے کہ پاکستان کو دباءمیں لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کل کو امریکہ یہ کہے گا کہ پاکستان کے ایٹمی اثاثے طالبان کے ہاتھ لگ جائیں گے، یہ تو ایک جنگ ہے جس میں پاکستان کے خلاف گھیرا تنگ کیا جارہا ہے۔ اس سے نکلنے کے لئے حکومت کو پارلیمنٹ میں مشترکہ آواز اٹھانی چاہئے اور ایک مذمتی قرارداد پیش کرنی چاہیے۔