پیپلز پارٹی ایوان صدر کی بداعمالیوں کی سزا جمہوری نظام کودےنا چاہتی ہے، پروفیسر ساجد میر
لاہور ( 17جون2010 ) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے امیر سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے پیپلز پارٹی ایوان صدر کی بداعمالیوں کی سزا جمہوری نظام کودینا چاہتی ہے،استعفوں کا ڈرامہ کرکے عدالت کو دباﺅ میں لانا کوئی دانشمندی نہیں ہے۔ قوم جمہوریت اور پارلیمنٹ کی بالادستی کی آڑ میں عدلیہ کو غلام بنانے کی حکومتی خواہش پوری نہیں ہونے دے گی۔ انصاف کی بالادستی کے بغیر جمہوریت پروان نہیںچڑھ سکتی۔ حکومت کو سوئس حکام کو خط لکھنا پڑے گا۔ مرکز اہل حدیث میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو عدالتی فیصلوں کا احترام کرنا پڑے گا، اسی میں جمہوری نظام کی بقا ہے۔تصادم کی راہ اپنانے سے کچھ نہیں بچے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر وزیر اعظم کہتے ہیں کہ ججز انکے آرڈر سے بحال ہوئے تو پھران ججز کے فیصلے بھی تسلیم کریں، لاپتہ افراد اور سوئس کیس کے متعلق اسکے فیصلے کیوں نہیں مانتے۔