امیر سینیٹر پروفیسر ساجد میر اور ناظم اعلیٰ ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں عالم اسلام کے نامور مذہبی سکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک کے برطانیہ میں داخلے پر پابندی کے اقدام کی شدید مذمت کی ہے
ٓٓلاہور( 19جون 2010 ئ) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے امیر سینیٹر پروفیسر ساجد میر اور ناظم اعلیٰ ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں عالم اسلام کے نامور مذہبی سکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک کے برطانیہ میں داخلے پر پابندی کے اقدام کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ برطانوی حکومت کا یہ فیصلہ مذہبی آزادی اور اظہار رائے کے حقوق کی نفی ہے۔ ڈاکٹر ذاکر نائیک امن کے داعی ہیں‘ اور انہوں نے بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لےے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ ان کے مکالموں اور مناظروں سے سینکڑوں لوگوں نے اسلام قبول کیا۔ بھارت جیسے ملک میں انہوں نے ہندوﺅں کو بھی اسلام کا تصور امن‘ ڈائیلاگ کے ذریعے اجاگر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مغرب کا دوہرا معیار ہے کہ ایک طرف آنحضورﷺ کی ذات کے گستاخانہ خاکے بنانے والوں کو کھلی آزادی ہے‘ اور دوسری طرف کوئی مسلمان عالم اپنے مذہبی عقائد کو پرامن انداز سے پیش کرتا ہے تو اس پر طرح طرح کی پابندیاں عائد کی جاتی ہیں جس سے مغرب کا اسلام سے متعصبانہ رویہ ظاہر ہوتا ہے۔ ہم برطانیہ سمیت پوری دنیا کے مسلمانوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ڈاکٹر ذاکر نائیک سے یک جہتی کا اظہار کریں اور برطانوی حکومت کے اس اقدام کے خلاف آواز بلند کریں۔ مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان ڈاکٹر ذاکر نائیک کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتی ہیں اور ان کی سلامتی اور درازی عمر کے لےے دعاگو ہے۔