پیپلز پارٹی نے اپنی قائد کے یوم پیدائش پر سرکاری خزانے سے کروڑوں روپے کے اشتہارات دیکر بے نظیر کی روح کو اذیت دی ، پروفیسر ساجد میر،
لاہور( 22 جون 2010) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے امیر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے اپنی قائد کے یوم پیدائش پر سرکاری خزانے سے کروڑوں روپے کے اشتہارات دیکر بے نظیر کی روح کو اذیت دی ہے،خلفائے راشدین ؓ کے زمانے میں کسی لیڈر اور خلیفہ کی برسی منائی گئی اور نہ یوم ولادت، یہ صرف پیسے کا ضیاع ہے اسکا شریعت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ اور اگر کسی کو شوق ہے تو وہ پارٹی فنڈز استعمال کرے قوم کا پیسہ برسیوں پر خرچ کرنے کے لیے نہیں ہوتا۔ حکومت یہ پیسہ عوام پر لگائے تاکہ خودکشیوں کے بڑھتے ہوئے رحجان پر قابو پایا جاسکے۔ علماءکے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ڈھائی سالوں میں عوام سے اداکاری کی ہے، مہنگائی کنٹرول کی اور نہ لوڈشیڈنگ پر قابو پایا ،ملک کو اقتصادی اور بدامنی کے بحرانوں میں مبتلا کررکھا ہے۔ عوام کی فلاح کا ایک منصوبہ بھی شروع نہیں کیا جاسکا۔ حالیہ بجٹ میں تعلیم کے بجٹ میں کٹوتی کرکے ثابت کیا ہے کہ انکی ترجیحات میں تعلیم کا فروغ نہیں ہے ، یہ نہیں چاہتے کہ غریب کا بچہ بھی اعلی تعلیم حاصل کرے۔ سرکاری اداروں میں کرپشن انتہا پر ہے پیپلز پارٹی کے وزراءدونوں ہاتھوں سے قومی خزانہ لوٹ رہے ہیں۔ اور اگر انہیں کوئی روکتا ہے یا احتساب کی بات کرتا ہے تو اسے جمہوریت کے خلاف سازش تصور کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت اور پارلیمنٹ کی بالادستی کی آڑ میں لوٹ مار اور چور بازاری ہورہی ہے۔ اس وقت عدلیہ جمہوریت اور استحکام پاکستان کی جنگ لڑرہی ہے اگر موجودہ عدلیہ نہ ہوتی تو اب تک پاکستان، پیپلز پارٹی کے ہاتھوں لٹ چکا ہوتا۔