پیپلز پارٹی” بریف کیس“ کی سیاست سے عدلیہ فتح کرنا چاہتی ہے۔ پروفیسر ساجد میر
لاہور ( 27جون2010 ) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے امیر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی” بریف کیس“ کی سیاست سے عدلیہ فتح کرنا چاہتی ہے،مگر یہ اسکی بھول ہے، قوم عدلیہ کی پشت پر کھڑی ہے اور حکومت کے ہر وار کا جرات سے مقابلہ کرے گی، دھونس دھاندلی اور جمہوریت کے نام پر عدلیہ پر قبضے کا خواب پورا نہیں ہوگا۔ مرکز اہل حدیث میں ذیلی تنظیموں کے عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک طرف لوگ غربت اور تنگدستی سے خودکشیاں کر رہے ہیں دوسری طرف وہ بارز ایسوسی ایشنز کی خریداری پر کروڑوں روپے خرچ کررہی ہے، ہم بار ایسوسی ایشن کی مالی مدد کے مخالف نہیں ہیں ، مگر اسکی آڑ میں حکومتی مقاصد منفی ہیں۔ کیا حکومت کو معاشرہ کے ایک ہی طبقے کی فلاح درکار ہے ، ؟ اعلی تعلیم کا شعبہ تباہی کی طرف جارہا ہے نئے بجٹ نے یونیورسٹیوں کو شدید مالی بحران میں مبتلا کردیا ہے، ریسریچ کے جاری منصوبے ختم ہورہے ہیں اور یونیورسٹیوں میں اساتذہ کو تنخواہوں کی ادائیگی کے لئے پیسے نہیں ہیں ۔ یہ طبقاتی تفاوت معاشرے کے لیے تباہ کن ثابت ہو گا، وکلاءکا طبقہ بے ضمیر نہیں ہے، وہ فوجی آمر کے ساتھ ساتھ سول آمر کا بھی مقابلا کرے گا۔ عدلیہ کے فیصلوں پر عمل درآمد نہ کرکے جمہوری نظام کو مضبوط بنا نے کا خواب پورا نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف نے چیف جسٹس اور اعلی عدلیہ کے ساتھ دینے کے جس عزم کا اظہار کیا ہے وہ عوامی امنگوں کا عکاس ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ وہ مصلحت کی سیاست کو خیر آباد کہیں لوگ حکومت کے ساتھ ساتھ اپوزیشن کے رویے سے بھی مطمئن نہیں ہیں۔