بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت دو یا تین ہزار روپے سے غریب گھر کا چولہا تو دور کی بات بجلی کا بل بھی نہیں دے سکتا، پروفیسر ساجد میر
لاہور ( یکم جولائی2010 ) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے امیر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت دو یا تین ہزار روپے سے غریب آدمی گھر کا چولہا تو دور کی بات بجلی کا بل بھی ادا نہیں کرسکتا۔ یہ پروگرام غریب کی غربت کا مذا ق اڑانے کے متراد ف ہے اسے ختم کرکے لوگوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کیے جائیں اس غیر پیداواری مد میں قومی خزانے کا سراسر سیاسی اور بے جا استعمال ہورہا ہے ۔ حکومت غریبوں میں چیک بھی تقسیم کر رہی ہے اور ان پر مہنگائی کے ہتھوڑے بھی برسارہی ہے ۔ مرکز اہل حدیث میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے دور میں کرپشن کی شرح 100 فی صد بڑھی ہے۔ مختلف سرکاری محکموں میں گزشتہ سال 3 کھرب 23 ارب خورد برد کرلئے گئے، رینٹل پاور پراجیکٹ میں2 ارب ڈالر کی کرپشن ہوئی، اسٹیل ملز میں 129 ارب، ٹی سی سی پی میں 9 ارب جبکہ دفاع کے محکمے میںڈھائی ارب روپے کی بے ضابطگیاں ہوئیں مگر حکمرانوں کو کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہی حا لات رہے توفاقہ مست عوام کا ہاتھ حکمرانوں کے گریبانوں تک پہنچ سکتا ہے معاشی ابتری اور نانصافی کے باعث لوگ خودکشیاں کررہے ہیں۔ اس صورتحال پر قابو نہ پایا گیا تو ملک خانہ جنگی کی لپیٹ میں آسکتا ہے۔ حکمران اپنی عیاشیوں کی قربانی دینے کے لئے تیار نہیں ہیں اور عوام سے قربانی مانگ رہے ہیں ۔