حالات مڈٹرم انتخابات کی طرف جارہے ہیں اور حکومت سے جان چھڑانے کا اس سے بہتر جمہوری طریقہ نہیں ہے۔سینیٹر پروفیسر ساجد میر
لاہور( 9 جولائی 2010 ) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے امیر سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا کہ حالات مڈٹرم انتخابات کی طرف جارہے ہیں اور حکومت سے جان چھڑانے کا اس سے بہتر جمہوری طریقہ نہیں ہے۔ برطانیہ روانگی سے قبل لاہور ائیر پورٹ پر کارکنوں اورمیڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں درجنوں کی تعداد میں ارکان پارلیمنٹ جعلی ڈگریوں کے باعث نا اہل ہونے والے ہیں،اور اتنی بڑی تعداد میں ضمنی انتخابات کرانا آسان نہیںہوگا ۔ اور محب وطن اداروں کو اس سیاسی بحران کی سنگینی کا ضرور اندازہ ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کا غیر فطری اتحاد بھی اپنے انجام کی طرف بڑھ رہا ہے۔ پنجاب حکومت کے خلاف وفاقی حکومت نے محاز قائم کر لیا ہے اور وفاقی وزراءکو زبانیں دراز اور دانت تیز کرنے کا کہا جارہا ہے۔ بدقسمتی سے بعض مذہبی لوگ بھی سانحہ لاہور کو آڑ بناکر پیپلز پارٹی کے اشاروں پر ناچ رہے ہیں جنکا، سوائے اپنی قیمت بڑھانے کے انکا اور کوئی مقصد نظر نہیں آرہا ۔ انہوں نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس آئی کا یہ بیان قابل غور ہے کہ بعض غیر ملکی طاقتیں دہشت گردی کرارہی ہیں اور امریکی افغان پالیسی پر نظر ہے،، اس بیان نے قوم کے ان خدشات کو درست ثابت کردیا ہے کہ امریکہ او ر بھارت افغانستان کے راستے پاکستان میں فرقہ وارانہ فسادادت کی راہ ہموار کررہا ہے۔ سانحہ لاہور میں بھی غیرملی طاقتیں ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت دہشت گردی کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہوگئی ہے اسے اپنی خارجہ پالیسی پر نظر ثانی کرنا ہوگی اور پار لیمنٹ کی قرارداد کی روشنی میں چلنا ہوگا۔