نوازشریف کودوست نما دشمنوں پر نظر رکھنی چاہیے، پنجا ب اسمبلی کی قرارداد نے میڈیا کے خلاف ایوان صدر کے عزائم کو تقویت پہنچائی
لاہور(11جولائی 2010 ) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے امیرپروفیسر ساجد میر نے کہا ہے آزاد عدلیہ اور میڈیا ملک میں انقلاب کی راہ ہموار کررہا ہے۔ کرپٹ اور بددیانت سیاستدانوں کو اپنا مستقبل تاریک نظر آرہا ہے وہ چا ہتے ہیں کہ خبریں اور فیصلے ان کی مرضی کے ہوں، پوری قوم آزاد میڈیا اور آزاد عدلیہ کے ساتھ ہے۔ مرکزی جمعیت اہل حدیث جعل ساز سیاستدانوں کی دھوکہ بازی اور میڈیا کو دھمکانے کی اوچھی حرکتوں کی شدید مذمت کرتی ہے لگتا ہے کہ مسلم لیگ ن کے اندر اسکے دشمن گھس آئے ہیں، نواز شریف کو ایسے دوست نما دشمنوں پر نظر رکھنی چاہیے۔ وہ برمنگھم میں پاکستانی کمیونٹی اور جماعت کے عہدیداروں کی طرف سے دیے گئے استقبالئے سے خطاب کررہے تھے۔پروفیسر ساجد میر نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کی قرارداد نے میڈیا کے خلا ف ایوان صدر کے عزائم کو تقویت پہنچائی ہے، مسلم لیگ ن کی قیادت کو میڈیا کو شکر گزار ہونا چاہئے کہ وہ ہمیشہ آمریت کے خلاف اور عدلیہ کی آزادی کی تحریک میں ان کے پیش پیش رہا ہے اور اگر یہ کہا جائے کہ مسلم لیگ ن کے موقف کی جنگ میڈیا نے لڑی ہے تو بے جا نہ ہوگا۔ پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ ن سے جس سنگین غلطی کا ارتکاب ہوا ہے اسکے فوری ازالے کی ضرورت ہے جیسا کہ اس موقع پر میاںنواز شریف نے سیا سی بصیرت کا مظاہرہ کیا ہے ، یہ کام میاں شہباز شریف کو کرنا چاہیے تھا۔انہوں نے کہا کہ قرارداد کے معاملے میں اسپیکر پنجاب اسمبلی کا کرداد بھی مثالی قرار نہیں دیا جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ سیاستدان عوامی مسائل کو حل کرنے کی بجائے ایک دوسرے پر الزام تراشی میں مصردف ہیں اور غصہ میڈیا پر نکال رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی کو میڈیا کے طرز عمل پر اختلاف ہے تو اس کے حل کے کئی دوسرے مہذب راستے موجود ہیں، کوئی متفقہ ضابط اخلاق مرتب کیا جا سکتا ہے،انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے قوم اور ملک کو دہشت گردوں کے حوالے کردیا ہے ۔بدامنی، مہنگائی اور بے روزگاری نے عوام کی زندگی اجیرن بناد ی ہے ، ان مسائل کو حل کرنے کی بجائے میڈیا کو ہدف تنقید بنانا نہایت احمقانہ سوچ ہے۔