اقوام متحدہ امریکہ کا طفیلی ادارہ بن چکا ہے،سینیٹر پروفیسر ساجد میر
لاہور( 13جولائی 2010) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے امیرپروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ امریکہ کا طفیلی ادارہ بن چکا ہے مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال میں حکومت پاکستان عالمی برادری کو بھارت کا مکروہ چہرہ دکھائے۔بھارتی جارحیت کی ناکامی کا اعتراف تو اسکے آرمی چیف بھی کرچکے ہیں، اب پاکستان کو کھل کر کشمیریوں کی سیاسی وسفارتی حمایت کرنی چا ہیے۔ پیپلز پارٹی کشمیر کی آزادی کا عزم اپنے بانی زوالفقار علی بھٹو کے فلسفہ کی روشنی میں کرے تو پیش رفت ہو سکتی ہے۔ وہ مانچسٹر میں کشمیریوں کے ایک وفد سے گفتگو کررہے تھے انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کے صبروبرداشت کے آگے بھارتی فوجوں کا جبر دم توڑ رہا ہے، کشمیری عوام کی جدوجہد فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکی ہے، کشمیریوں کی حالیہ قربانیوں نے جدوجہد آزادی میں ایک نئی روح پھونک دی ہے۔ پاکستانی عوام نے کے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ اس تحریک آزادی کی منزل الحاق پاکستان ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر بھارت کے ساتھ مزاکرات کی میز پر حل نہیں ہونے والا بلکہ اسکے لیے طاقت کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ اس لیے کہ ہند مکار لیڈرشپ ہمیشہ کشمیری عوام اور پاکستان کو دھوکہ دیتی آرہی ہے، اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کا جو حشر ہو چکا ہے وہ بھی پوری دنیا کے سامنے ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان پر فرض ہے کہ وہ تحریک تکمیل پاکستان کے اس آخری موڑ پر اپنے قائد بھٹو کی فکر کہ ہم کشمیر کے لئے ہزار سال تک لڑیں گے کو عملی جامہ پہنانے کی ضرورت ہے۔