پہلے دہشت گردی ،اب جعلی ڈگریوں کی وجہ سے پاکستان دنیا میں بدنام ہو رہا ہے، شفاف طریقے سے ڈگریوں کی تصدیق ہو تو کئی نامور لوگ جعلساز نکلیںگے، ایوان صدر اسناد کے تصدیقی عمل میں رکاوٹیں ختم کرے ، سینیٹر پروفیسر ساجد میر
لاہور( 17جولائی 2010 ) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے امیر سینیٹرپروفیسر ساجد میر نے کہا ہے دنیا میں پاکستان پہلے دہشت گردی اور اب جعلی ڈگریوں کی وجہ سے بدنام ہورہا ہے، ڈاکٹر جاوید لغاری کو دباﺅ میں لانے والے ریاستی ہتھکنڈوں کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔اگر فول پروف طریقے سے ڈگریوں کی تصدیق ہو تو سندھ میں کئی بڑے جعلساز بے نقاب ہو ں۔ ایوان صدکواسناد کے تصدیقی عمل میں رکاوٹ نہیں بننا چاہیے۔ سپریم کورٹ ایچ ای سی کے چئیرمین پر سیاسی دباﺅ اور انکے خاندان کو اذیت دینے کے عمل کا ازخود نوٹس لے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے برمنگھم میں ایک استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ چاہیے تو یہ تھا کہ جعلی ڈگری والوں کو دوبارہ ٹکٹ جاری نہ کیے جاتے مگر بعض جماعتوں نے انہیں دوبارہ ٹکٹ دیکر ہیرو بناکر اسمبلیوں میں بھجوایا یہاں تک صدر پاکستان فخریہ طور پر دستی اور جٹ کی کامیابی کی مثالیں دیتے ہیں۔ بدعنوان حکمران دھوکے باز اور ڈاکو وں کو ایوان میں بٹھا کر فخر محسوس کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مذہبی انتہا پسندی اور دہشت گردی کی وجہ سے بدنام تھا ہی اب جعلی ڈگریوں کی وجہ سے بھی بدنام ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈگریوں کی شرط کے پیچھے ایک آمر کی بدنیتی کو جواز بنا کر جعلسازی کی حوصلا افزائی نہیں کی جاسکتی، عوام کے ووٹوں سے منتخب شخص کا ضمیر ہی مطمئن نہیں ہو۔گا تو وہ کس طرح انکی خدمت کرسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر جاوید لغاری کو استعفی دینے کی بجائے ڈٹ جانا چاہیے۔ پوری قوم برائی کے خلاف اس جہاد میں انکے ساتھ ہے۔ مرکزی جمعیت اہل حدیث ایچ ای سی کی ہر طرح مدد کرے گی۔ جعلی ڈگریوں والے ارکان کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے