پاکستان نے بہت قربانیاں دے دیں امریکہ کو مزید قربانیوں کاتقا ضا کرتے ہوئے شرم آنی چاہیے پروفیسر ساجد میر
لاہور( 20جولائی 2010) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے امیر سینیٹرپروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ پاکستان نے امریکی مفاد کے لیے بے پناہ قربانیاں دی ہیں امریکہ کو مزید قربانیوں کا تقاضا کرتے ہوئے شرم آنی چاہیے۔امریکی اہلکاروں کے سامنے حکمرانوں نے ڈرون حملے بند کرنے کے لیے ایک لفظ بھی ادا نہیں کیا،موجودہ حکمرانوں نے ملک میں دہشت گردی کے خاتمے کے لئے مشرف کی لگائی ہوئی آگ کے شعلوں کو ہوا دی ہے اب قبائلی علاقے کی جنگ شہروں میں داخل ہوچکی ہے۔ امریکہ پاکستان کو دہشت گردی کا مرکز قراردینا چاہتا ہے، اسامہ اور ملا عمر کی پاکستان میں موجودگی کا واویلا بھی اسی مقصد کے لئے کیا جارہا ہے۔ لندن سے وہ مرکزی ناظم اعلی حافظ عبدالکریم سے ٹیلی فون پر گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اگر امریکہ پاکستان سے مخلص ہوتا تو اس جنگ میںپاکستان کوپہنچنے والے 43 ارب ڈالر کے نقصان کے ازالا کرتا۔ مگر ابھی تک وہ امداد وعدوں میں ہی نظر آرہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ میں موجودہ حکومت ناکام ہوچکی ہے۔ امریکہ اور دہشت گرد دونوں مل کر پاکستان کو ناکام بنا رہے ہیں،ایک طرف امریکہ ڈرون حملوں کے زریعے جبکہ دوسری طرف دہشت گرد پاکستانی شہریوں کا قتل عام کررہے ہیں۔ دونوں آپس میں ملے ہوئے ہیںاور پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنا انکا مشترکہ ایجنڈا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عراق میں بھی یہی ہورہا ہے وہاں ایک طرف امریکہ دوسری طرف دہشت گرد مسلمانوں کو نشانہ بنارہے ہیں۔ اگر امریکہ جنگ کے خاتمے میں سنجیدہ ہو تو اس تصادم سے بہت جلد جان چھڑائی جاسکتی ہے۔ ان حالات میں حکومت پاکستان کو عقل کے ناخن لینا ہوں گے اور محض ڈالروں کے نذرانے وصول کرنے کی امید پر ملکی سلامتی کو داﺅ پر نہ لگائیں اور اپنی خارجہ پالیسی پر نظرثانی کریں اور اس صور ت حال کا سیاسی حل نکالنے پر زور دیں۔