عبادات انسان کے اخلاق حسنہ کی تکمیل کرتی ہیں 'امام کعبہ شیخ عبد الرحمن سدیس
اولڈہم( پ ر) اگرچہ دوسرے مذاہب کے لوگ اپنی اخلاقی قدروں کا دعویٰ تو کرتے ہیں مگر اسلام کی تعلیمات و ہدایات میں جو جامعیت و کمال اور رفعت و بلندی ہے دوسرے مذاہب اس سے تہی دامن ہیں۔ ان خیالات کا اظہار امام کعبہ شیخ عبد الرحمن سدیس نے جمعیت اہلحدیث برطانیہ کے رہنما مولانا شفیق الرحمن شاہین کی طرف سے دئیے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام نے جہاں عبادت اور حسن معاملات پر زور دیا ہے وہاں حسن اخلاق کو بھی اپنی تعلیمات میں اہم مقام دیاہے۔ دراصل عبادات بھی اسنان کے اخلاق حسنہ کی تکمیل کرتی ہیں۔ جس طرح نماز فحاشی و بے حیائی سے روکتی ہے ایسے ہی دوسری عبادت سے بھی انسان کو بااخلاق مسلمان بناتی ہے۔ دراصل اسلام کا منشاء یہ ہے کہ انسان دنیا میں اپنے باہمی تعلقات کو حسن سلوک، معاملات کو عدل و انصاف اور حقوق کی اعتدال و توازن سے انجام دے تاکہ صحت مند معاشرہ وجود میں آسکے۔ امام کعبہ نے برطانیہ میں بسنے والے مسلمانوں پر زور دیاکہ وہ تعلیم کے میدان میں اپنی صلاحیتیں صرف کریں کیونکہ تعلیم یافتہ مسلمان ہی اپنے اخلاق وکردار سے غیر مسلموں تک اسلام کا سچا پیغام پہنچا سکتے ہیں۔ غیر مسلموں تک اسلام کا امن و سلامتی کا پیغام پہنچانے کیلئے ضروری ہے کہ ہم اپنے اخلاق کا بہترین نمونہ اس معاشرے میں پیش کریں۔ خصوصا نوجوانوں پر ضروری ہے کہ غیر شروعی اور غیر اخلاقی حرکات سے ہمیشہ اپنے آپ کو بچائیں تاکہ برطانوی معاشرہ میں اسلام کا تعارف ہمارے کردار سے نظر آئے۔ اس موقع پر مولانا شعیب احمد میرپوری ، شیخ محمد حسین مکی اور دیگر سیاسی و سماجی شخصیات موجود تھیں۔