آرمی چیف کی توسیع کے فیصلے سے جعلی ڈگریاں اصلی بن جائیں گیں اور نہ ہی عدالتیں حکومت کی غلام ہو جائیںگی ،سینیٹر پروفیسر ساجد میر
لاہور( 24 جولائی 2010 ) مرکزی جمعیت اہل حدیث کے پاکستان کے امیر سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے جنرل کیانی کی توسیع کے فیصلے کو حکمرانوں کی خوفزدگی کی علامت قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ آئین کی بالادستی تسلیم کے بغیر فوج بھی جمہوریت کی ضامن نہیں بن سکتی۔ اس فیصلے سے جعلی ڈگریاں اصلی ہو نگی اور نہ ہی عدالتیں غلام ہو جائیںگی ۔ احتساب کا عمل جاری رہنا چاہیے اور تما م اداروں کو اپنے حصے کا کام کرنا ہوگا۔کوئی سیاسی جماعت مارشل لاءکی حامی نہیں ،تاہم کوئی اگر یہ سمجھتا ہے کہ فوج ملکی سلامتی کے خلاف کسی سازش پر خاموش تماشائی بنی رہے گی تو یہ اسکی بھول ہے۔ حکمرانوں کی بجائے پاک فوج کو عوامی امنگوں کے مطابق کردار ادا کرنا ہوگا،۔ لند ن سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جنرل کیا نی کی حب الو طنی اور جمہوریت پسندی کا یقین حکمرانوں سے زیادہ عوام کو ہے۔ پاک فوج نے دہشت گردی کا مقا بلہ جرات مندی اور استقامت سے کیا اور بے پناہ قربانیاں پیش کی ہیں، مگر ان پر سیاسی نوازشات کو جمہوریت کی گارنٹی قرار نہیں دیا جاسکتا ۔ جب حکمران عدالتوں کے احکامات کا مذاق اڑا ئیں گے اور کرپشن اور جعلسازی کے حق میں تاویلیں کریں گے تو پھر کسی ادارے کو تو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بابر اعوان گلی گلی یہ کہتے پھر رہے ہیں کہ اب جمہوریت پر کوئی شب خون نہیں مارسکے گا اگر انہیں اتنا یقین تھا تو پھر آرمی چیف کی مدت میں توسیع کیوں کی گئی ،دال میں کچھ کالا ضرور تھا کہ اچانک یہ اعلان کرنا پڑا۔